08:06 , 23 اکتوبر 2025
Watch Live

وزیراعظم کا ورلڈ بینک کی 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ورلڈ بینک کی ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کی ٹیم سے ملاقات کے دوران پاکستان میں 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا، جسے انہوں نے ملک کی معیشت کے مختلف شعبوں میں “نئے باب” کا آغاز قرار دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان 70 سال سے زیادہ کا شراکت داری کا رشتہ ہے اور ورلڈ بینک نے 2022 کے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے اہم معاونت فراہم کی۔

انہوں نے بتایا کہ 40 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں سے 20 ارب ڈالر صحت، تعلیم، نوجوانوں کی ترقی اور دیگر سماجی شعبوں کے منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔

مزید 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری عالمی مالیاتی کارپوریشن کی طرف سے نجی شعبے میں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی تیز ہو گی اور ملک میں جاری اصلاحاتی پروگرام کے مثبت اثرات دیکھے جا رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ حکومت کرپشن کو روکنے کے لیے نظام میں شفافیت لارہی ہے، جبکہ ایف بی آر میں ڈیجیٹائزیشن پر کام جاری ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے ملک میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اور نقصانات میں کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کاری کونسل نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش ماحول بنایا ہے۔

ورلڈ بینک کے وفد نے پاکستان کی جاری اصلاحات اور ان کی مؤثر عملدرآمد کی تعریف کی، اور کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اقتصادی اصلاحات کا سفر تیزی سے جاری ہے۔

 

 

متعلقہ خبریں
اہم خبریں۔
ضرور دیکھیں
INNOVATION